نئی دہلی: پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس جمعرات سے شروع ہوگا اور 11 اگست تک جاری رہے گا 23 دنوں تک چلنے والے اس اجلاس میں کل 17 نشستیں ہوں گی۔ کل جماعتی اجلاس کے دوران حکومت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے کام کاج کو یقینی بنانے کے لیے تمام پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کرے گی۔
قبل ازیں پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے تمام پارٹیوں پر زور دیا کہ وہ مانسون اجلاس کے دوران قانون سازی کے کام اور دیگر مسائل پر بامعنی بحث میں حصہ لیں۔اطلاعات کے مطابق، 20 جولائی (جمعرات) سے شروع ہونے والے مانسون سیشن میں تقریباً 32 بل پیش کیے جانے کی امید ہے۔ ان مسودہ بل میں فاریسٹ بل اور ڈیٹا پروٹیکشن بل بھی شامل ہیں۔
کانگریس نے بدھ کو یہاں منعقدہ ا آل پارٹی میٹنگ میں مانسون اجلاس میں مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کے ساتھ منی پور کے سلگتے ہوئے مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کیا کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کے بعد یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارٹی کی جانب سے انہوں نے منی پور کے سلگتے ہوئے مسئلہ پر بحث کرانے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ایوان میں بیان دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے تشدد ہو رہا ہے لیکن وزیر اعظم خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ منی پور کے مسئلہ پر جمعرات کو ایوان میں تحریک التوا پیش کریں گے۔
مسٹر ادھیر رنجن نے کہا کہ ملک کے کئی حصے سیلاب کی زد میں ہیں، اس لیے انہوں نے ایوان میں اس معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریل حادثہ، بے روزگاری اور مہنگائی کے مسئلہ پر بھی بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایوان میں ہندوستان کے وفاقی ڈھانچے پر بحث کرانے کی ضرورت ہے۔ مسٹر ادھیر رنجن نے کہا کہ ہند، چین سرحدی تنازعہ اور چین کے ساتھ تجارت کے سلسلے میں بھی بحث کرانے کا انہوں نے مطالبہ کیا۔