اردو

urdu

ETV Bharat / state

مہاراشٹر: کانگریس اراکین اسمبلی اعلی کمان کے اشارے کے منتظر

مہاراشٹر میں سیاسی بحران برقرار ہے اور خریدو فروخت سے بچانے کے لیے جے پور لائے گئے کانگریس کے40 ارکان اسمبلی پارٹی اعلی کمان کے پیغام کا انتظار کر رہے ہیں۔مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لیے کانگریس کا موقف اب بھی واضح نہ ہونے سے گزشتہ تین چار دن سے مہاراشٹر کانگریس کے یہ اراکین اسمبلی ایک پرائیویٹ ریزورٹ میں ٹھہرے ہوئے ہیں جہاں انہیں اعلی کمان کے حکم کا انتظار ہے۔

مہاراشٹر: کانگریس ارکان اسمبلی اعلی کمان کے اشارےکے منتظر

By

Published : Nov 12, 2019, 2:09 PM IST

موصولہ اطلاعات کے مطابق پارٹی کے راجستھان انچارج اور سینئر رہنما اویناش پانڈے دہلی میں اعلی کمان کے ساتھ بات چیت کے بعد جے پور آ رہے ہیں اور جے پور پہنچنے کے بعد براہ راست ریزورٹ جاکر ارکان اسمبلی کے ساتھ ملاقات کریں گے اور اعلی کمان کا پیغام اراکین اسمبلی کو دیں گے۔

کانگریس کے یہ ارکان اسمبلی پیر سے ریزورٹ کے باہر گھومنے کے لیے بھی نہیں نکل رہے ہیں اور آج بھی ریزورٹ کے اندر بیٹھے سیاسی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور آپس میں بات چیت کر رہے ہیں ۔

ان ارکان اسمبلی سے کانگریس کے کئی سینئر رہنماؤں نے مل کر تبادلہ خیال کیا ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت بھی نظر بنائے ہوئے ہیں اور ریاست کے ہیلتھ کے وزیر ڈاکٹر رگھو شرما برابر ان کے رابطے میں ہیں۔

کانگریس هارس ٹریڈنگ سے بچانے کے لیے اپنے اراکین اسمبلی کو جے پور لائی تھی، لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے حکومت نہیں بنانے کی بات سامنے آنے کے بعد حالات بدلتے نظر آ ر ہے ہیں۔ کانگریس کا حکومت میں شامل ہونے اور نہ ہونے کو لے کر پارٹی کے اندر گومگو کی صورتحال بنی ہوئی ہے اور یہاں ریزورٹ میں ٹھہرے کانگریس اراکین اسمبلی کو اس سلسلے میں اعلی کمان كے اشارے کا انتظار کررہے ہیں۔

یہ ارکان اسمبلی پیر کو دن بھر ریزورٹ میں ہی رہے اور رات کو وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر سابق صدر پرتیبھا پاٹل کے اعزاز میں دی گئی ضیافت میں شامل ہوئے اور اس کے بعد واپس ریزورٹ چلے گئے۔ اس دوران اراکین اسمبلی سے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل سمیت کانگریس کے دیگر کئی رہنماؤں نے ملاقات کی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details