نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کو ایک مقامی عدالت کی طرف سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیے جانے کے دو دن بعد اتوار کو پاسپورٹ مل گیا ہے اور اب وہ پیر کو امریکہ روانہ ہوں گے۔ ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر نے بطور رکن پارلیمان انہیں جاری کردہ سفارتی پاسپورٹ جمع کرانے کے بعد عام پاسپورٹ کے لیے درخواست دی تھی۔ کانگریس کے سابق صدر کو گجرات کے سورت کی ایک عدالت نے مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد بطور رکن پارلیمان نااہل قرار دے دیا۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے سفارتی سفری دستاویزات واپس کر دی تھیں۔
راہل گاندھی پیر کی شام کو امریکہ کے سان فرانسسکو کے لیے روانہ ہونے والے ہیں۔ امریکہ کے کچھ دوسرے شہروں میں بھی ان کے پروگرام ہیں۔ 4 جون کو وہ نیویارک میں بھارتی نژاد لوگوں سے خطاب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاسپورٹ آفس نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اتوار کو پاسپورٹ مل جائے گا اور انہیں دوپہر کو مل گیا۔ دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو راہل گاندھی کو 10 سال کے بجائے تین سال کے لیے عام پاسپورٹ جاری کرنے پر عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ جاری کیا۔