نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی گذشتہ روز یورپی ممالک کے ایک ہفتہ طویل دورے پر روانہ ہوئے۔ راہل گاندھی 9 اور 10 ستمبر کو دہلی میں منعقد ہونے والے دو روزہ جی 20 سربراہی اجلاس کے اختتام کے ایک دن بعد 11 ستمبر کو یوروپ سے واپس آئیں گے۔ اپنے بیرون ملک سفر کے دوران کانگریس کے سابق صدر یوروپ میں موجود ہندوستانی باشندوں سے ملاقات بھی کریں گے۔
راہل گاندھی کل برسلز میں یورپی یونین کے وکلاء اور طلباء سے بھی ملاقات کریں گے اور بعد میں وہ دی ہیگ میں اس طرح کی ایک اور میٹنگ سے خطاب کریں گے۔ اپوزیشن اتحاد کے انڈیا بلاک کے رہنما راہل گاندھی 8 ستمبر کو پیرس کی ایک یونیورسٹی میں طلباء سے بات چیت کریں گے اور اگلے دن وہ فرانسیسی دارالحکومت میں فرانس کی لیبر یونین کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
راہل گاندھی 10 ستمبر کو اوسلو شہر میں ہندوستانی تارکین وطن کے ایک پروگرام میں حصہ لینے کے لیے ناروے بھی جائیں گے۔ 11 ستمبر کو راہل کے ہندوستان واپس آنے کی امید ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کا غیر ملکی دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب آئینی اور سرکاری خط و کتابت میں 'انڈیا' نام بدل کر بھارت کرنے کے مرکزی حکومت کے اقدام پر حکمران این ڈی اے اور اپوزیشن اتحاد کے بلاک 'انڈیا' کے رہنماؤں کے درمیان سخت نکتہ چینی کا دور چل رہا ہے۔
مزید پڑھیں: میں اپنے مخالفین کو بھی اپنا گرو مانتا ہوں: راہل
قومی دار الحکومت نئی دہلی میں 9 اور 10 ستمبر کو بھارت جی 20 لیڈرس سمٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی کو امریکی صدر جو بائیڈن سمیت عالمی رہنماؤں کے استقبال کے لیے سجایا گیا ہے۔ ہندوستان G20 گروپ کا موجودہ صدر ہے۔ دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس میں 30 سے زائد سربراہان مملکت، یورپی یونین کے اعلیٰ حکام، 14 بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور دیگر معززین کی شرکت کا قوی امکان ہے۔