قومی دارالجکومت دہلی میں کانگریس نے آج کہا کہ وزارت ریلوے مہاجر مزدوروں کو اپنے گھر پہنچانے میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے لاپرواہی سے کام کررہی ہے اور مزدوروں کو دی جانے والی سہولیات پر جھوٹ بولا جارہا ہے، لہذا وزیر ریلوے پیوش گوئل کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے، بصورت دیگر انہیں برخاست کردیا جائے۔
کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت بار بار یہ کہہ رہی ہے کہ مزدوروں کو مفت سفر کی سہولت دے کر گھر پہنچایا گیا ہے، جبکہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ 85 فیصد سبسڈی دے کر مزدوروں کو اپنے گھر پہنچایا گیا ہے۔
مرکزی حکومت کے وزرا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ٹی وی چینلز پر ایسی ہی سبسڈی دینے کا دعویٰ کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے اس کو مہاجر مزدوروں کے ساتھ وحشیانہ مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر مسئلے پر جھوٹ بول رہی ہے اور وزیر ریلوے کی بد انتظامی سب کے سامنے ہے۔
لہذا وزیراعظم نریندر مودی کو انہیں فوری طور پر برخاست کرنا چاہیے یا خود انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان مزدور سپیشل ٹرینز کے سفرکے دوران 81 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور مظفر پور ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر فوت ہونے والی خاتون کے لواحقین کے بیانات سے مزدور مسافروں کی پریشانیوں کا پتہ چلتا ہے جنہوں نے کہا ہے کہ وہ خاتون بیماری کی وجہ سے نہیں بلکہ سفر میں پریشانیوں کی وجہ سے مر گئی ہے۔