نئی دہلی: سابق وزیر قانون کپل سبل نے یکساں سول کوڈ سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے ریمارکس پر طنز کرتے ہوئے سوال کیا کہ ان کی تجویز کتنی ممثل ہے، کیا ہندو، قبائلی اور شمال مشرقی سبھی اس کے تحت آئیں گے۔ دراصل وزیر اعظم مودی نے منگل کو بھوپال میں یکساں سول کوڈ کی وکالت کی اور کہا کہ آئین تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق کی بات کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی الزام لگایا کہ اپوزیشن جماعتوں نے یکساں سول کوڈ کے معاملے کو مسلمانوں کو گمراہ کرنے اور اکسانے کے لیے استعمال کیا۔
راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے بدھ کو ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم نے یکساں سول کوڈ پر اصرار کیا... اپوزیشن پر مسلمانوں کو اکسانے کا الزام لگایا.. پہلا سوال یہ ہے کہ آخر نو سال بعد ایسا کیوں؟ 2024 (انتخابات کے لیے)؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ آپ کی تجویز کتنی مماثل ہے، کیا قبائلی اور شمال مشرقی سبھی اس کے تحت آئیں گے؟ تیسرا سوال، آپ کی پارٹی ہر روز مسلمانوں کو کیوں نشانہ بناتی ہے؟ اب آپ فکرمند کیوں ہورہے ہیں؟