قومی جرائم ریکارڈ بیورو کی طرف سے جاری سالانہ رپورٹ میں 'بھارت میں جرائم 2020' کے مطابق ملک میں سنہ 2020 میں خواتین کے خلاف 371503 معاملے درج کئے گئے، جو سنہ 2019 کے 405326 معاملات کے مقابلہ میں 8.3 فیصد کم ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ کے تحت درج بیشتر معاملات شوہر یا رشتہ داروں کی طرف سے کی گئی بے رحمی سے متعلق ہیں۔
اس طرح کے معاملات کی تعداد 30 فیصد ہے۔ اس کے بعد 23 فیصد معاملات ایسے ہیں، جن میں خواتین کی شائستگی کو نقصان پہنچانے کی نیت سے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ خواتین کے اغوا اور ان کی ساتھ جنسی زیادتی کے معاملات بالترتیب 16.8 اور 7.5فیصد رہے۔
رپورٹ میں جاری اعدادو شمار کے مطابق 2020 میں فرقہ وارانہ فسادات کے معاملات میں تقریباً 90 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔سنہ 2019 میں فرقہ وارانہ فسادات کے 438 معاملے درج کئے گئے تھے جبکہ سنہ 2020 میں ان کی تعداد بڑھ کر 857 پہنچ گئی۔