مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نےسوشل میڈیا ایپ پر مرکزی حکومت کی کارروائی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'بھارت میں خواتین کے خلاف مجرمانہ فرقہ وارانہ سازش' کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 'اس طرح کی سازش میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ ایسے لوگ جلد ہی بے نقاب ہوں گے۔
مختار عباس نقوی کہا کہ 'ایسے کچھ شرپسند لوگ وقتاً فوقتاً بھارت کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے سازشی کوششیں کرتے ہیں لیکن بھارت کی بھرپور جامع ثقافت اور رسم و روایات ایسی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیتیں۔
واضح رہے کہ مسلم خواتین کو بدنام کرنے والے ایک موبائیل ایپ پر گزشتہ روز کارروائی کی گئی تھی اور اسے بلاک کیا گیا تھا جس کی تصدیق مرکزی آئی ٹی وزیر نے کی تھی۔
مرکزی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اشوینی ویشنو Union Minister of IT نے کہا تھا کہ مسلم خواتین کو نشانہ بنانے والی 'بلی بائی' ایپ کو بلاک کر دیا گیا ہے۔