نئی دہلی: عام آدمی ایک بار پھر مہنگائی کی زد میں آنے والا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے منگل کو کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں 7 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ مہینے کے شروع میں کیا جاتا ہے۔ جانکاری کے مطابق اب دارالحکومت دہلی میں 19 کلو کے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی خوردہ قیمت 1,773 روپے سے بڑھ کر 1,780 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔ اگر ہم پورے ملک کی بات کریں تو ممبئی میں کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 1732 روپے فی سلنڈر ہوگئی ہے۔ اس سے پہلے فی سلنڈر کی قیمت 1725 روپے تھی۔ اسی طرح چنئی میں پرانی قیمت 1,937 روپے تھی، اب یہ بڑھ کر 1,944 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کولکتہ میں سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 1,882.50 روپے فی سلنڈر ہوگئی ہے۔