نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ روز چندریان -3 کی چاند پر کامیاب سافٹ لینڈنگ پر عالمی رہنماؤں کی نیک خواہشات اور مبارک بادی کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی خواہشات کے جواب میں کہا کہ یہ سنگ میل نہ صرف ہندوستان کا فخر ہے بلکہ انسانی کوششوں اور استقامت کی علامت ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پر کہا کہ "میں شیخ محمد بن زید کی خواہشات کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ سنگ میل نہ صرف ہندوستان کا فخر ہے بلکہ انسانی کوشش اور استقامت کا ایک مینار ہے۔ سائنس اور خلا میں ہماری کوششیں سب کے لیے روشن کل کی راہ ہموار کریں‘‘۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے قبل ازیں کہا تھا "ہندوستان کے چندریان -3 خلائی جہاز کی چاند پر کامیاب لینڈنگ اجتماعی سائنسی ترقی کے لیے ایک اہم چھلانگ کی نمائندگی کرتی ہے۔ میں انسانیت کی خدمت میں اس تاریخی کامیابی کے لیے وزیر اعظم @narendramodi اور ہندوستان کے لوگوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یوروپی یونین کے صدر، ارسولا وان ڈیر لیین کی مبارک بادی کے جواب میں وزیراعظم نریندر مودی نے لکھا کہ " ہندوستان کے لئے بہترین الفاظ کے لئے آپ کا شکریہ وونڈرلین۔ ہندوستان تمام انسانیت کی بہتری کے لیے دریافت کرنا، سیکھنا اور بانٹنا جاری رکھے گا۔‘‘ یوروپی یونین کے صدر نے لکھا کہ "@narendramodi کو چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ کے لئے مبارکباد۔ ہندوستانی عوام کے لیے ایک تاریخی سنگ میل اور قابل فخر لمحہ۔ ہندوستان خلائی تحقیق میں ایک حقیقی علمبردار بن گیا ہے۔ ہندوستان کی اس کامیابی سے پوری دنیا کے سائنسدانوں کو فائدہ پہنچے گا۔
اسرو نے ٹویٹ کیا کہ "چندریان-3 مشن: 'ہندوستان اپنی منزل پر پہنچ گیا اور آپ بھی!' چندریان-3 نے چاند پر کامیابی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ کر لی ہے! مبارک ہو، ہندوستان!"۔
اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے بدھ کے روز کہا کہ "ہندوستان کی کامیابی انسانیت کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔ یہ مشن سائنس کی طاقت کا ایک اور ثبوت ہے اور یہ ہمیں سائنسی ترقی اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔ مبارک ہو، @narendramodi!”۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جواب میں اسپین کے صدر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ "درحقیقت سائنس کی طاقت کے ذریعے، ہندوستان سب کے لیے ایک روشن مستقبل کی سمت کام کر رہا ہے۔ ہندوستان کے لئے نیک خواہشات کے لئے آپ کا شکریہ۔
مڈغاسکر کے صدر نے بدھ کے روز ٹویٹر پر لکھا کہ “#Candrayaan3 چاند کے قطب جنوبی پر تاریخی سافٹ لینڈنگ کرگیا! میں ایسی ناقابل یقین اور قابل تقلید کامیابی کے لیے ہندوستان کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ یہ کامیابی پوری انسانیت کی ہے۔ مودی آپ کے متاثر کن الفاظ اور قیادت کے لیے آپ کا شکریہ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جواب میں لکھا کہ "آپ کے شاندار الفاظ کے لیے شکرگزار ہوں۔ خلا میں ہندوستان کی پیش قدمی آنے والے وقت میں انسانیت کو حقیقی معنوں میں فائدہ دے گی۔"
مزید پڑھیں: امریکی اور یورپی خلائی اجنسیوں کا بھارت اور اسرو کو مبارکباد
واضح رہے کہ گذشتہ روز چندریان 3 چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ کرگیا جس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ چندریان 3 کی سافٹ لینڈنگ کی خصوصی اسکریننگ کا ملک بھر بالخصوص اسکولز کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں، اور سرکاری اداروں میں اہتمام کیا گیا تھا۔انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے چندریان تھری کی راست نشریات کو اسرو کی ویب سائٹ، اس کے یوٹیوب چینل، فیس بک، اور عوامی نشریاتی ادارے ڈی ڈی نیشنل ٹی وی پر دستیاب کروایا تھا۔ چندریان کو 14 جولائی کو آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا تھا۔