نئی دہلی:دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ مرکزی حکومت کو پرالی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کسانوں کو گالی دینے کے بجائے ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ گوپال رائے نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی اور پنجاب کی حکومت پرالی جلانے سے روکنے کے لیے کسانوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت نے انکار کر دیا ہے۔ بی جے پی پہلے آلودگی بڑھاتی ہے پھر اس پر سیاست کرتی ہے۔ دہلی حکومت آلودگی کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ Gopal Rai On Stubble Burning
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ترجمانوں نے پریس کانفرنس کرکے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر تنقید کی اور کہا کہ کیجریوال پنجاب میں پرالی جلا کر دہلی والوں کی سانسوں سے کھیل رہے ہیں۔ یہ باتیں بی جے پی کر رہی ہے جو پٹاخوں پر سے پابندی ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ گئی تھی۔ بی جے پی نے گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اروند کیجریوال کی جانب سے چلائی جارہی 'ریڈ لائٹ آن، گاڑی بند' مہم کو روک دیا۔
وزیر ماحولیات نے کہا کہ کوئی بھی ریاستی حکومت اتنا کام نہیں کر رہی ہے جتنا دہلی حکومت آلودگی کے مستقل حل کے لیے کر رہی ہے۔ چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے سے جنریٹروں سے پیدا ہونے والی آلودگی کو مکمل طور پر روک دیا گیا۔ دہلی میں ای-وہیکل پالیسی لا کر گاڑی کی آلودگی کے مستقل حل کی طرف ایک قدم اٹھایا گیا ہے۔ شجرکاری کے ذریعے دہلی کی گرین بیلٹ کو 20 فیصد سے بڑھا کر 23 فیصد کر دیا۔