دہرادون:ریاست اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں بار بار لینڈ سلائنڈنگ کی وجہ سے نہ صرف ریاستی حکومت بلکہ مرکزی حکومت بھی کافی فکر مند ہے۔ مرکزی حکومت نے جوشی مٹھ لینڈ سلائیڈنگ کے وجوہات جاننے کے لیے 6 رکنی ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تین دن میں مرکز کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں مرکزی حکومت نے جمعہ کو ہی احکامات جاری کردیئے ہیں۔ اسی دوران 6 جنوری کو وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے دہرادون میں افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی کی۔ جوشی مٹھ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے صورتحال روز بروز خطرناک ہوتی جارہی ہے۔ گھروں اور سڑکوں میں دراڑیں چوڑی ہوتی جا رہی ہیں۔ 600 سے زائد مکانات خطرے کی زد میں آگئے ہیں۔
اسی درمیان اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جوشی مٹھ کا فضائی سروے کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہاں متاثرہ علاقوں کا زمینی معائنہ بھی کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس سے قبل وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے بھی میٹنگ میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پہلے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔ ریاستی حکومت کی ٹیم جوشی مٹھ میں صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ Joshimath Land Subsidence