نئی دہلی: یکساں سول کوڈ کو لے کر ملک بھر میں بحث جاری ہے۔ دریں اثنا خبریں آ رہی ہیں کہ مرکزی حکومت آئندہ مانسون سیشن میں یکساں سول کوڈ کا بل پیش کر سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکز نے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں یکساں سول کوڈ بل لانے کی تیاری کر لی ہے۔ یکساں سول کوڈ کا یہ بل پارلیمانی کمیٹی کو بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
یکساں سول کوڈ کے حوالے سے ارکان پارلیمان کی رائے جاننے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 3 جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ قانون اور عملہ کی قائمہ کمیٹی شیڈول کے مطابق 14 جون 2023 کو لا کمیشن آف انڈیا کے جاری کردہ عوامی نوٹس پر لا پینل، وزارت قانون کے قانونی امور اور قانون سازی کے محکموں کے نمائندوں کے خیالات سنے گی۔ تھیم ریویو آف پرسنل لاز کے تحت یکساں سول کوڈ پر مختلف اسٹیک ہولڈرز سے آراء طلب کی جا رہی ہیں۔ منگل کی شام تک لاء پینل کو اس کے عوامی نوٹس پر تقریباً 8.5 لاکھ جوابات موصول ہو چکے ہیں۔