بھارت، جسے سب سے زیادہ ویکسین تیار کرنے والے ملک کا اعزاز حاصل ہے، میں ویکسین کی شدید قلت در اصل منصوبہ بندی کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک میں نیشنل فری ویکسین پروگرام جاری ہے۔ سپریم کورٹ نے حال ہی میں مرکز سے ایک واضح سوال پوچھا کہ کووِڈ ویکسین کے حوالے سے بھی نیشنل فری ویکسین پروگرام کو نافذ کیوں نہیں کیا گیا؟ کورٹ نے یہ بھی پوچھا کہ وبا کی وجہ سے وسیع پیمانے پر ہوئی معاشی تباہی کے پس منطر میں ملک کا غریب طبقے کا کیا ہوگا؟ اس صورتحال کے پس منظر میں اپوزیشن کی جانب سے حقِ زندگی کو تحفظ فراہم کرانے کا مطالبہ سو فیصد حمایت کا مستحق ہے۔
تخمینے کے مطابق ملک میں ویکسین کی قلت جولائی تک موجود رہے گی۔ دوسری جانب آکسیجن اور اہم ادویات کی قلت ہے۔ ایسے حالات میں مرکز کو ریاستوں کی مدد سے صورتحال ٹھیک کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہیں۔
14 ماہ کے عرصے میں پہلی بار انگلینڈ میں وہ دن آیا جب کووِڈ کی وجہ سے کوئی موت نہیں ہوئی۔ وہاں کووِڈ متاثرین کی تعداد بھی کم ہوگئی ہے۔ اس کے برعکس بھارت کی 13 ریاستوں میں نئے کووِڈ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 37 لاکھ سے زائد ہے۔ اب تک ملک میں 2.37 کروڑ کووِڈ کیسز اور 2.6 لاکھ اموات رجسٹر ہوئی ہیں۔ روزانہ اموات کی تعداد چار ہزار سے کم نہیں ہورہی ہے۔ اس خوفناک صورتحال میں انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے ملک کے 530 اضلاع، جن کی آبادی میں دس فیصد سے زیادہ کووِڈ متاثرین ہیں، میں 8 ہفتوں تک لاک ڈاون کرنے کا مشورہ دیا ہے۔