نئی دہلی: جامعہ ہمدرد نے پیناسونک انڈیا کے ساتھ شراکت داری کرکے ایک نیا سینٹر فار ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شروع کیا ہے۔ جس کا مقصد عملی اور متعلقہ تربیتی پروگرام فراہم کرنا ہے تاکہ شرکاء کو ان کی مہارتوں کو بڑھانے اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا سے ہم آہنگ رہنے میں مدد ملے۔ اس موقع کی مناسبت سے مرکز نے "پس پردہ لینس" کے عنوان سے ایک سہ روزہ ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جس میں ممتاز پیشہ ور افراد اور معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم نے زندگی بھر سیکھنے کی اہمیت اور عمدگی کے حصول پر زور دیا۔ انھوں نے کہا جامعہ ہمدرد اور پیناسونک انڈیا کے درمیان تعاون عملی اور متعلقہ تربیتی پروگرام سے شرکاء کو ان کی مستقبل کی کوششوں میں کامیاب ہونے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے بلاشبہ طلباء، پیشہ ور افراد اور مجموعی طور پر صنعت کو اکیڈمیا اور صنعت کی ضروریات کے درمیان فرق کو ختم کرکے فائدہ ہوگا۔
وہیں مہمان خصوصی ہردیپ سنگھ سرنا، بزنس چیف آف امیجنگ بزنس انڈیا اور سارک نے سماج کی فلاح و بہبود میں فوٹوگرافروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مرکز کی چیئرپرسن، ڈاکٹر ریشما نسرین نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں خوش آمدید کہا، اور جدید مہارت اور تربیت فراہم کرنے پر مرکز کی توجہ کو اجاگر کیا۔ فوٹو گرافی اور فلم سازی کے شعبے میں ماہر پروفیشنل پروفیسر فرحت بصیر خان نے فوٹو گرافی کی تازہ ترین پیشرفت پر اپنی مہارت کا اشتراک کیا اور بصری کہانی سنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ عصر حاضر میں اس کی اہمیت پہلے کے مقابلہ میں زیادہ بڑھ گئی ہے، ہر دن نئے نئے انداز میں کیمرے بن رہے ہیں ایسے میں اس فن کو سیکھنا اور اس کو برتنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔