نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے چارہ گھوٹالہ میں مجرم قرار دیے گئے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے جمعہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
یادو (74) ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد جیل سے باہر ہیں۔ سپریم کورٹ سی بی آئی کی عرضی پر 25 اگست کو سماعت کرے گی۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ وہ لالو یادو کو ضمانت دینے کے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی سی بی آئی کی درخواست پر 25 اگست کو سماعت کرے گی۔
بنچ کے سامنے خصوصی ذکر کے دوران، سی بی آئی نے جمعہ کو اپنی عرضی کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی، جسے قبول کرتے ہوئے بنچ نے اس معاملے کو 25 اگست تک درج کرنے کی ہدایت دی۔