نئی دہلی: سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے دہلی، پنجاب، راجستھان، آسام، کرناٹک، انڈمان و نکوبار جزائر، چنڈی گڑھ اور ہریانہ پولیس فورس کے ساتھ مل کر 'آپریشن چکر' کے تحت ملک گیر سطح پر چھاپے ماری کر رہی ہے۔ سی بی آئی نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ سی بی آئی نے یہ چھاپے یو ایس فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی)، انٹرپول، رائل کینیڈین ماؤنٹین پولیس اور آسٹریلوی فیڈرل پولیس کے سائبر کرائم سے متعلق مشترکہ اطلاعات کی بنیاد پر کئے۔ CBI nationwide raids against cybercrime
سی بی آئی نے کہا کہ تقریباً 115 مقامات پر تلاشی لی جارہی ہے۔ ان میں سے سی بی آئی 11 معاملات میں تقریباً 87 مقامات پر تلاشی لے رہی ہے، جبکہ ریاستی/یو ٹی پولیس دیگر 28 مقامات پر تلاشی لے رہی ہے۔ سی بی آئی نے کہا کہ آسام پولیس دو مقامات پر چھاپے مار رہی ہے، انڈمان و نکوبار جزائر پولیس تین مقامات پر، دہلی پولیس پانچ مقامات پر، کرناٹک پولیس 12 مقامات پر اور پنجاب پولیس دو جگہوں پر چھاپے مار رہی ہے۔