کابینی اجلاس کے بعد پرکاش جاوڈیکر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’آج وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینی اجلاس منعقد ہوا اور کابینہ نے کورونا وائرس سے متعلق 8 اکتوبر سے عوامی بیداری مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 ویکسن کی عدم دستیابی میں ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور بار بار ہاتھ دھونا ہی محفوظ رہنےکا واحد ہتھیار ہے۔ جاوڈیکر نے کہا کہ اس سلسلہ میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے مہم شروع کی جائے گی۔
وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں کولکاتا ایسٹ ویسٹرن میٹرو کاریڈور پروجیکٹ کے لیے نئی نظرثانی شدہ لاگت کی تجویز کو منظور دی گئی۔ میٹنگ کے بعد ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ طویل عرصے سے التوا میں پڑے پروجیکٹ کو پورا کرنے پر کولکاتا سمیت 24 شمالی پرگنہ اور ہوڑہ ضلعوں میں رہنے والوں کو کافی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 8575 کروڑ روپے کی لاگت کا 16.6 کلومیٹر طویل یہ میٹرو پروجیکٹ دسمبر 2021 تک مکمل ہوجائے گا۔ گوئل نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تحویل اراضی جیسی کئی مشکلات دور نہ ہوپانے کی وجہ سے اس پروجیکٹ میں روکاوٹیں آئیں۔ اس میٹرو کے شروع ہوجانے سے ہر روز آٹھ لاکھ مسافروں کو بہتر پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل ہوگی۔