نئی دہلی: مغربی دہلی میں منگل کو ایک ٹیکسی کے اندر مشتبہ حالت میں ایک شخص مردہ پایا گیا۔ لاش کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ پولیس نے بتایا کہ لاش گرو گوبند سنگھ اسپتال کے باہر کھڑی کار کی پچھلی سیٹ پر پڑی تھی۔ گاڑی پر ہریانہ کا نمبر تھا۔ متوفی کی شناخت چنچل پارک علاقے کے رہنے والے ہرکیش کے طور پر کی گئی ہے جو 16 دسمبر سے لاپتہ تھا۔ اس کی گمشدگی کی رپورٹ رنہولا پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی تھی۔
ڈی سی پی وچترا ویر سے موصولہ اطلاع کے مطابق، ایک راہگیر نے پولیس کو کار میں ایک لاش ملنے کی اطلاع دی۔ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ گاڑی اندر سے بند تھی اور چابی بھی اندر تھی۔ انہوں نے کہا کہ کرائم اور فارنسک ٹیم نے کار کا معائنہ کیا ہے۔ متوفی کی شناخت اس کے پڑوسی نے کی۔ لاش کو تحفظ کے لیے دین دیال اپادھیائے اسپتال کے مردہ خانہ میں بھیج دیا گیا ہے۔