نئی دہلی:بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے جمعرات کو تین شمال مشرقی ریاستوں میں ہوئے انتخابات کے نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سوچ، سمجھ اور عزم کی جیت ہے۔ آج شام پارٹی کے قومی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ایک تقریب میں پی ایم مودی کی موجودگی میں جے پی نڈا نے کہا کہ 'یہ جیت اچانک نہیں ہوئی ہے۔ ایک طویل نقطہ نظر رکھتے ہوئے اور عزم کے ساتھ وزیر اعظم مودی نے شمال مشرق کو، جسے سیاست دانوں اور بھارت کی سیاست میں نظر انداز کیا جا رہا تھا، مین اسٹریم میں لانے اور شمال مشرق کو آگے لے جانے کا کام کیا ہے۔"
یہ بھی پڑھیں:
جے پی نڈا نے کہا کہ 2014 سے پہلے شمال مشرق دہشت گردی، چنندہ قتل اور تخریبی سرگرمیوں کے لیے جانا جاتا تھا۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ " آج وہ علاقہ اپنے پرسکون اور استحکام کے لیے جانا جاتا ہے۔" تین ریاستوں تریپورہ، ناگالینڈ اور میگھالیہ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے دو ریاستوں تریپورہ اور ناگالینڈ میں شاندار جیت درج کی۔ میگھالیہ میں پارٹی کی کارکردگی توقع کے مطابق نہیں ہے۔ جے پی نڈا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے دور میں شمال مشرقی ریاستوں کو اے ٹی ایم مشین بنادیا تھا۔وہاں پیسہ کمانے اور کرپشن میں ملوث ہونے کی آزادی تھی۔
یو این آئی