نئی دہلی: مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی جس کے بعد وہ مدھیہ پردیش میں اپنی حکومت کو برقرار رکھتے ہوئے چھتیس گڑھ اور راجستھان میں بھی زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ ان تین ریاستوں میں کامیابی کے بعد بی جے پی اب ملک بھر کی 12 ریاستوں میں اقتدار میں ہے، جب کہ کانگریس صرف تین ریاستوں تک ہی محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
ریاست مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے 230 نشستوں میں سے 165 نشستوں پر زبردست اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ جبکہ زعفرانی پارٹی نے چھتیس گڑھ اور راجستھان میں بھی زبردست اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
وہیں دوسری طرف کانگریس نے تلنگانہ میں اپنی کامیابی کے ساتھ اب کرناٹک اور ہماچل پردیش کے ساتھ ملک بھر کی صرف تین ریاستوں میں اقتدار سنبھالنے تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ ملک کی سب سے قدیم کانگریس پارٹی چھتیس گڑھ کے ساتھ ساتھ راجستھان میں بھی دوسری میعاد کی امید کر رہی تھی، لیکن ان دو ریاستوں میں حکومت سازی کے لئے درکار نشستوں کو حاصل کرنے میں ناکام ہونے کے بعد اس کے خواب چکنا چور ہو گئے۔
تین ریاستوں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے علاوہ بی جے پی اتراکھنڈ، ہریانہ، اتر پردیش، گجرات، گوا، آسام، تریپورہ، منی پور اور اروناچل پردیش میں اپنے طور پر اقتدار میں ہے۔ جبکہ بی جے پی کی چار ریاستوں مہاراشٹر، میگھالیہ، ناگالینڈ اور سکم میں مخلوط حکومت قائم ہے۔