نئی دہلی: مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے امریکہ میں راہل گاندھی کی تقریر پر جوابی حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ راہل گاندھی ملک کی سرزمین کو داغدار کرنے کے لئے بیرونی سرزمین کا استعمال کرتے ہیں۔ کانگریس کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی امریکہ میں راہل گاندھی کی تقریر کے اقتباسات اور وزیر اعظم نریندر مودی پر حملے کے جواب میں مرکزی وزیر جوشی نے ٹویٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی کو فرضی گاندھی قرار دیا اور کہا کہ نہیں فرضی گاندھی! بھارت کا مرکز اس کی ثقافت ہے۔ آپ کے برعکس جو ملک کو داغدار کرنے کے لیے غیر ملکی سرزمین کا استعمال کرتے ہیں، بھارتیوں کو اپنی تاریخ پر بہت فخر ہے اور وہ اپنے جغرافیے کی بہت اچھی طرح حفاظت کر سکتے ہیں۔
راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ جو شخص کچھ نہیں جانتا وہ اچانک ہر چیز کا ماہر کیسے بن جاتا ہے۔ راہل گاندھی کے علم اور گاندھی خاندان پر سوال اٹھاتے ہوئے جوشی نے اگلے ٹویٹ میں کہا کہ ایک آدمی جس کی تاریخ کا علم اس کے خاندان سے آگے نہیں بڑھتا وہ تاریخ کی بات کر رہا ہے۔ ایک شخص جس نے آلو سے سونا بنانے کا دعویٰ کیا تھا وہ سائنس کے بارے میں لیکچر دے رہا ہے اور ایک شخص جو کبھی خاندانی معاملات سے آگے نہیں بڑھتا تھا اب بھارت کی جنگ کی قیادت کرنا چاہتا ہے۔