نئی دہلی:عدالت نے مبینہ عصمت دری کیس میں بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین کو راحت دی ہے۔ راؤز ایونیو میں واقع سیشن عدالت نے کیس میں شاہنواز حسین کے خلاف جاری ہونے والے سمن پر روک لگا دی ہے۔ اب سیشن عدالت شاہنواز حسین کی درخواست کی اگلی سماعت 8 نومبر کو کرے گی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس معاملے میں راؤز ایونیو کورٹ میں قائم ایڈیشنل میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ویبھو مہتا نے دہلی پولیس کی طرف سے دائر کینسلیشن رپورٹ کو قبول کرنے سے انکار کر دیا اور شاہنواز حسین کو سمن جاری کرتے ہوئے 20 اکتوبر کو حاضر ہونے کو کہا۔
عدالت نے کہا تھا کہ جب تک تفتیشی افسر ایسی رپورٹ نہیں لاتا جس سے یہ ثابت ہو کہ شکایت کنندہ کے ساتھ عصمت دری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس وقت تک ان کے پاس مقدمہ کو ابتدائی طور پر خارج کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ جج نے مزید کہا کہ آیا شکایت کنندہ کا بیان قابل اعتبار ہے یا نہیں اس کا پتہ ٹرائل کورٹ میں تفتیش کے بعد ہی لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے استغاثہ کے ان دلائل کو مسترد کر دیا جو شکایت کنندہ کے الزامات کی صداقت پر سوال اٹھاتے ہیں۔