نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا کہ بی جے پی فرضی الزامات اور جھوٹے مقدمات کے ساتھ دہلی حکومت کے عالمی معیار کے صحت کے نظام کو ٹھپ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔اے اے پی کے سینئر لیڈر اور دہلی کی کابینی وزیر آتشی نے جمعہ کو کہا کہ بی جے پی فرضی الزامات اور جھوٹے مقدمات کے ساتھ دہلی حکومت کے عالمی معیار کے صحت کے نظام کو ٹھپ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ تحقیقات کے نام پر بی جے پی چاہتی ہے کہ اسپتالوں میں ایم ایس کام کرنے سے ڈریں، محلہ کلینک میں ڈاکٹر ٹیسٹ لکھنے سے ڈریں، محکمہ صحت کے اہلکار دوائیں خریدنے سے ڈریں۔
انہوں نے کہا کہ ان فرضی جانچوں کی وجہ سے محلہ کلینک اور اسپتالوں میں دوائیں نہیں ہوں گی، اسپتالوں میں سرجری کا سامان نہیں ہوگا، ٹیسٹ کا کوئی انتظام نہیں ہوگا، یہ بی جے پی کی سازش ہے۔ بی جے پی نہ تو اپنی کسی ریاست میں اور نہ ہی مرکزی حکومت میں اچھے اسپتال فراہم کر سکی لیکن اب وہ دہلی حکومت کے نظام صحت کو تباہ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے آیوشمان بھارت کے 18 لاکھ فرضی ناموں پر انگلی نہیں اٹھائی آج اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا میں مشہور محلہ کلینک ماڈل پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ بی جے پی چاہے کتنی ہی کوشش کرے، دہلی کے لوگ جانتے ہیں کہ اروند کیجریوال نے ان کی زندگی کو بہتر بنانے کا کام کیا ہے۔