نئی دہلی:دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی میں جہاں جہاں کچرے کے پہاڑ ہیں وہاں لوگوں کی زندگی جہنم بن گئی ہے اور اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کی یہ سازش کامیاب ہوتی ہے تو کچرے کے 16 نئے پہاڑ پورے شہر کو برباد کر دیں گے۔Manish Sisodia attacks BJP
جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منیش سیسودیا نے کہا کہ پوری دنیا کے شہر کچرے کے انتظام کا کام کرتے ہیں، لیکن بی جے پی کی حکومت والی دہلی کارپوریشن اس لحاظ سے منفرد ہے کہ وہ دہلی سے کچرے کو ختم کرنے کے بجائے اس کو بڑھانے کا کام کر رہی ہے۔ بی جے پی کارپوریشن چھوڑ کر دہلی کو 'کچرے کے شہر' میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اپنی خطرناک سازش کے ایک حصے کے طور پر بی جے پی کی حکومت والی ایم سی ڈی دہلی میں 16 نئی لینڈ فل سائٹس بنانے کی تیاری کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کی سرحد میں داخل ہوتے ہی غازی پور، اوکھلا اور بھلسوا میں کچرے کے بڑے پہاڑ دہلی ایم سی ڈی میں بی جے پی کی 17 سال کی کامیابی کو ظاہر کرتے ہیں۔ کچرے کے ان تین پہاڑوں نے آس پاس کے کئی کلومیٹر تک لوگوں کی زندگی کو جہنم بنا دیا ہے، لیکن ان پہاڑوں کے کچرے کو سنبھالنے کے بجائے یہاں سے کچرے کو ختم کرنے کے لیے بی جے پی کی حکومت والی ایم سی ڈی دہلی میں ایسے ہی 16 نئے کچرے کے پہاڑ بنانے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دہلی کے مختلف مقامات پر 16 نئی لینڈ فل سائٹس تیار کرائیں گے۔ ظاہر ہے کہ اس کے بعد دہلی میں ہر طرف کچرے کے پہاڑ ہی نظر آئیں گے۔