اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اور بی جے پی کے دہلی انتخابات کے انچارج پرکاش جاوڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پانچ جنوری کو اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں بوتھ سطح کے کارکنوں کی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
اس کانفرنس میں بی جے پی کے 15 ہزار کارکن شرکت کریں گے جنہیں پارٹی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اسمبلی انتخابات میں جیت کا منتر دیں گے۔
اس موقع پر بی جے پی کے نائب صدر شیام جاجو، دہلی بی جے پی کے سابق صدر اور رکن پارلیمان وجے گوئل اور متعدد دیگر رہنما موجود تھے۔
جاوڈیکر نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخاب سال 2020 کے پہلے انتخابات ہوں گے۔ بی جے پی اسے پوری طاقت سے مثبت ایجنڈے کے ساتھ لڑے گی اور انہیں یقین ہے کہ اس بار فتح پارٹی کے حصے میں ہی آئے گی۔
دہلی اسمبلی انتخابات میں وزیر اعلی کا چہرہ کون ہوگا؟ جاوڈیکر اس سوال کو ٹال گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی حکمت عملی کے مطابق صحیح فیصلہ کرے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا وقت آنے پر آگاہ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دہلی میں آئندہ چند دنوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہو جائے گا۔ بی جے پی گزشتہ 21 برسوں سے اقتدار سے باہر ہے۔ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کو 70 رکنی اسمبلی میں صرف تین سیٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا تھا۔ عام آدمی پارٹی (آپ) کو تاریخی فتح حاصل ہوئی تھی اور اس نے 67 سیٹیں جیتی تھیں جبکہ تین بار سے اقتدار میں رہی کانگریس صفر پر سمٹ گئی تھی۔