نئی دہلی:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تریپورہ اسمبلی انتخابات کے لیے آج اپنے 48 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی، جس میں وزیر اعلیٰ مانک ساہا کو ٹاؤن بورڈوولی سیٹ سے امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ ان ناموں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اور بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی صدارت میں پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں منظوری دی گئی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا، پارٹی کے تریپورہ انچارج ڈاکٹر مہیش شرما، تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ بپلو دیو اور الیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین بھی میٹنگ میں شامل ہوئے۔
وہیں 12 امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ بی جے پی نے مرکزی وزیر پرتیما بھومک کو دھن پور سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا ٹاؤن بورڈوولی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل حکمراں بی جے پی کو بڑی برتری مل سکتی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کے ایم ایل اے مبشر علی اور ترنمول کانگریس لیڈر سبل بھومک نے جمعہ کو قومی دارالحکومت میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ بی جے پی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر بلال میا اور کچھ دوسرے لیڈروں کے بھی پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے۔