نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات میں گوا کی خالی نشست کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان کیا۔ بی جے پی کی آج یہاں جاری ریلیز کے مطابق، پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے سدانند مہلو شیٹ تناوڑے کو گوا سے راجیہ سبھا کی خالی نشست کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔ گجرات، مغربی بنگال اور گوا میں راجیہ سبھا کی دس سیٹوں پر انتخابات کے لیے 6 جولائی کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 13 جولائی اور نام واپس لینے کی تاریخ 17 جولائی ہے۔ تمام 10 سیٹوں پر 24 جولائی کو ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی بھی اسی دن ہوگی۔
وہیں مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے 24 جولائی کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے پیر کو اپنے چھ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ ترنمول کانگریس کے امیدواروں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے انہیں اس کے قابل سمجھا۔ ان امیدواروں میں ڈیرک اوبرائن، ڈولا سین، سکھیندو شیکھر رے، سمیر الاسلام، پرکاش چک بڑائیک اور ساکیت گوکھلے شامل ہیں۔ ترنمول کانگریس نے ٹویٹ کیا کہ ہمیں آنے والے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے ڈیرک اوبرائن، ڈولا سین، سکھیندو شیکھر، سمیر الاسلام، پرکاش چک بڑائک اور ساکیت گوکھلے کی امیدواری کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔