نئی دہلی: راجیہ سبھا نے پیر کو پیدائش اور موت کے اندراج (ترمیمی) بل 2023 کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی اسے پارلیمنٹ کی منظوری مل گئی۔ لوک سبھا میں یہ پہلے ہی منظور ہوچکا ہے۔ اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا اور بل پر بحث شروع ہونے سے قبل واک آؤٹ کیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے ایوان میں مختصر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پیدائش اور اموات کے اندراج میں شفافیت آئے گی۔ اس کے بعد پیدائش اور موت کا سرٹیفکیٹ سات دن کے اندر مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل پر تفصیل سے غور کیا گیا ہے اور تمام ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور وزارتوں سے مشورہ کیا گیا ہے۔ اس بل کے مسودے پر عام لوگوں کی رائے بھی لی گئی ہے۔