راہل کی بھارت جوڑو نیائے یاترا ملک کا سیاسی منظر نامہ بدل دے گا، کانگریس - سیاسی منظر نامہ بدل دے گا
رمیش نے کہاکہ ’’راہل جی اس بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران عوام کے سامنے سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔"
Published : Jan 4, 2024, 7:14 PM IST
|Updated : Jan 4, 2024, 7:24 PM IST
نئی دہلی: کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں جنوب سے شمال تک بھارت جوڑو یاترا کے بعد مشرق سے مغرب تک ہونے والی بھارت جوڑو نیائے یاترا ایک سنگ میل ثابت ہوگی اس سے ملک کا سیاسی منظر نامہ بدلے گا کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور مسٹر راہل گاندھی نے ایک اہم میٹنگ کی ہے جس میں پارٹی کے ریاستی صدر اور مقننہ پارٹی کے لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ میں 2024 کے انتخابات کی تیاریوں اور منی پور اور ممبئی کے درمیان مسٹر گاندھی کے سفر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل مسٹر راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک 4000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے ایک طویل 'بھارت جوڑو یاترا' نکالی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ نے پورے ملک کا ماحول بدل دیا تھا اور کانگریس کارکنوں میں نئی توانائی بھر دی تھی۔ یہ یاترا پارٹی اور ملک کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوئی تھی۔ آج کی میٹنگ میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 14 جنوری سے منعقد ہونے والی مسٹر راہل گاندھی کی اس یاترا کا نام 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' ہوگا۔ بھارت جوڑو یاترا نے ملک بھر میں جو پیغام دیا ہے، ہم اس یاترا کی مدد سے اسے آگے بڑھائیں گے۔
رمیش نے کہاکہ ’’راہل جی اس بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران عوام کے سامنے سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔"
بھارت جوڑو نیائے یاترا کے روٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "یہ یاترا منی پور سے ممبئی تک 14 جنوری سے 20 مارچ تک ہوگی۔ یاترا منی پور ایک دن میں 107 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ ناگالینڈ میں 257 کلومیٹر 2 دن، آسام 833 کلومیٹر 8 دن، اروناچل ریاست 55 کلومیٹر ایک دن، میگھالیہ 5 کلومیٹر ایک دن، مغربی بنگال 523 کلومیٹر، بہار 425 کلومیٹر،
جھارکھنڈ 804 کلومیٹر، اڈیشہ 341 کلومیٹر، چھتیس گڑھ 536 کلومیٹر، اتر پردیش 1,074 کلومیٹر 11 دن، مدھیہ پردیش 698 کلومیٹر 7 دن،راجستھان 128 کلومیٹر ایک دن، گجرات 445 کلومیٹر پانچ دن اور مہاراشٹرا 480 کلومیٹر چار دن کے لیے طے کرنے کے بعد 20 مارچ کو ختم ہو جائے گا۔
یواین آئی۔