دہلی کے ساکیت کورٹ نے پیر کے روز پولیس انسپکٹر موہن شرما کے قتل اور 2008 بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر معاملے میں قصوروار قرار دیئے گئے عارض خان کی سزا سے متعلق اپنا فیصلہ سنایا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج سندیپ یادو نے عارض خان کو موت کی سزا دینے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ ریرسٹ آف دا ریئر معاملہ ہے۔ پولیس کی جانب سے پیش ہوئے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر اے ٹی انصاری نے کہا کہ اس معاملے میں سخت سزا دینے کی ضرورت ہے تاکہ دوسرے لوگ بھی اس سے عبرت حاصل کریں۔
اس سے قبل عدالت نے عارض خان کو آ ئی پی سی کی دفعہ 186 ،333 ،353، 302 ،307، 174 اے اور 34 کے تحت قصوروار قرار دیا ہے۔ عارض کو آرمز ایکٹ کی دفعہ 27 کے تحت بھی مجرم قرار دیا گیا ہے۔ پولیس نے مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین سے وابستہ عارض خان کے لیے سزائے موت کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے انسپکٹر موہن چن شرما جنوبی دہلی کے جامعہ نگر علاقے میں تعینات تھے جن کی موت 2008 میں بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر کے دوران ہوئی تھی۔
اس کیس کے سلسلے میں ایک عدالت نے جولائی دو ہزار تیرہ میں شہزاد احمد کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف شہزاد کی اپیل ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔