کہتے ہیں ہر چیز کی اپنی صفت اور برائی ہوتی ہے۔ویسے ہی جہاں سوشل میڈیا منفی خبر اور پوسٹ شیئر کرنے کی وجہ سے بدنام ہے وہیں اب اسی سوشل میڈیا میں دہلی کے مالویہ نگر کے ایک بزرگ جوڑے کی ویڈیو وائرل ہونے سے سوشل میڈیا کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا میں 'بابا کا ڈھابہ ' نام سے ایک ویڈیو خوب وائرل ہورہا ہے۔اس ویڈیو میں ایک بزرگ لاک ڈاؤن کے بعد سے ہونے والی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے سسکتے ہوئے نظر آرہا ہے۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سے بزرگ جوڑے کے ڈھابے کے باہر لوگوں کی لمبی قطار لگی ہوئی ہے اور تو اور ان کے ڈھابے میں آنے والے صرف دہلی کے لوگ ہی نہیں شامل ہیں بلکہ دیگر ریاست کے لوگ بھی ان کے ڈھابے میں آرہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کی ٹیم بھی بابا کا ڈھابہ پہنچی تو ہم نے دیکھا کہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ بابا کے ڈھابے کے باہر موجود ہیں۔جہاں کچھ لوگ بزرگ جوڑے کے ساتھ تصویر کھینچوا رہے ہیں تو کچھ ان کی مدد کے لیے آرہے ہیں، اس کے ساتھ لوگ ڈھابے پر کھانا کھانے کے لیے بھی پہنچ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا کی مدد سے یہ بزرگ جوڑا ایک ہی دن میں پورے دنیا میں مشہور ہوگیا ۔مالویہ نگر کے ہی ایک چھوٹے سے گھر میں کانتا پرساد اپنی اہلیہ بادامی دیوی، دو لڑکے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گھر پر کمانے والا شخص میرے علاوہ اور کوئی نہیں ہے۔اس لیے گزشتہ 30 برسوں سے وہ ڈھابہ چلا رہے ہیں۔ڈھابے پر ان کی اہلیہ بادامی دیوی کھانا بنانے میں انکی مدد کرتی ہیں۔