نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر ہٹ اینڈ رن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس میں دو نوجوانوں کی موت ہو گئی ہے۔ دراصل، کیشو پورم علاقے میں ایک کار میں سوار پانچ لوگوں نے اسکوٹی پر سوار دو لوگوں کو ٹکر مار دی تھی۔ اس میں ایک نوجوان زخمی ہوا، جب کہ دوسرے نوجوان کو کار سوار نے 350 میٹر تک گھسیٹ کر لے گئے۔ کیشو پورم پولیس اسٹیشن کی پی سی آر ٹیم نے زخمی نوجوان کو اسپتال میں داخل کرایا۔ جہاں علاج کے دوران نوجوان کی موت ہو گئی۔ وہیں موٹر سائیکل ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ ڈی سی پی اوشا رنگانی نے اس واقعہ کی جانکاری دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار میں سوار پانچوں نوجوان نشے کی حالت میں تھے۔ پولیس نے سب کو گرفتار کر لیا ہے۔
دہلی پولیس نے مجرمانہ قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور ڈرائیور سمیت کل پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ شمال مغربی ضلع کی ڈی سی پی اوشا رنگانی نے بتایا کہ جمعرات-جمعہ کی درمیانی رات کو کیشو پورم پولیس اسٹیشن کی دو پی سی آر وین علاقے میں گشت کر رہی تھیں۔ تبھی اس میں سوار پولیس اہلکاروں نے دیکھا کہ ایک کار نے کنہیا نگر علاقے کے پریرنا چوک پر ایکٹیوا اسکوٹی کو ٹکر مار دی۔ اس اسکوٹی پر دو نوجوان بیٹھے تھے۔ ان میں سے ایک نوجوان کار کے ونڈ اسکرین اور بونٹ کے درمیان پھنس گیا، جب کہ اسکوٹی نیچے کے بمپر میں پھنس گئی۔ اس حادثے کے بعد ملزمان کار کو روکنے کے بجائے موقع سے فرار ہو گئے تاہم پی سی آر میں تعینات پولیس اہلکاروں نے کار میں سوار پانچوں افراد کو تقریباً 350 میٹر تک پیچھا کرنے کے بعد پکڑ لیا۔