دارالحکومت دہلی میں واقع حضرت نظام الدین مرکز سے بڑی تعداد میں لوگوں کے دہلی کی مختلف مساجد میں منتقل ہونے کی اطلاع ہے۔ ایسے لوگوں کے سلسلے میں اسپیشل برانچ کی جانب سے دہلی پولیس کو اطلاع موصول ہوئی ہے۔ تاہم پولیس نے ایسے تمام لوگوں کو جو نظام الدین مرکز میں موجود تھے ان کی فوری طور پر 112 نمبر پر ڈائل کرکے معلومات دینے کی ہدایت دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق نظام الدین مرکز میں 3000 سے زیادہ افراد گزشتہ 13 سے 15 مارچ کے درمیان جمع ہوئے تھے۔ ان میں سے بڑی تعداد میں بیرون ممالک سے آئے ہوئے لوگ بھی شامل تھے، جن کی وجہ سے یہاں آئے لوگوں کے درمیان کورونا پھیلنے کا شبہ ہے۔ گزشتہ 28 مارچ سے لے کر اب تک 2300 سے زیادہ لوگ یہاں سے باہر نکالے جا چکے ہیں جن میں سے محض دہلی میں 24 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔