امفان طوفان لیچی کے لئے تحفہ - Rain is beneficial for farmers
طوفان امفان کے سبب کچھ ریاستوں میں بھلے ہی زبردست تباہی مچی ہے لیکن یہ لیچی کی فصل کے لئے تحفہ ثابت ہوا ہے۔
نئی دہلی: طوفان امفان کے سبب کچھ ریاستوں میں بھلے ہی زبردست تباہی مچی ہے لیکن یہ لیچی کی فصل کے لئے تحفہ ثابت ہوا ہے۔
امفان کی وجہ سے ہوئی بارش سے نہ صرف لیچی کا سائز بڑا ہوگا بلکہ اس کی مٹھاس میں بھی اضافہ ہوگا، گودے کی مقدار بڑھے گی اور اس کا لال رنگ مزید نکھر کر سامنے آئے گا۔
قومی لیچی ریسرچ سنٹر مظفر پور کے ڈائریکٹر وشال ناتھ کے مطابق بہار،مغربی بنگال اور دیگر چند مقامات پر ایک دو روز کے دوران ہوئی بارش لیچی کے لئے مفید ثابت ہوئی ہے۔قدرتی طور پر لیچی تیار ہوکر بازار میں آنے والی ہے لیکن اس سے قبل ہوئی بارش سے شاہی قسم کی لیچی کا سائز بڑا ہوگا۔
ڈاکٹر وشال ناتھ کے مطابق فی الحال لیچی کا وزن 17.5گرام تھا جو اب بڑھ کر 20 گرام سے زیادہ ہو جائے گا۔ لیچی کی مٹھاس 18ڈگری برکس سے بڑھ کر 19سے 22تک ہوجائے گی۔ گودا 10.5گرام سے بڑھ کر 14گرام ہوجائے گا۔ تیزابیت ابھی 1.28فیصد ہے لیکن یہ کم ہوکر اب 0.5 تک رہ جائے گی۔ بیج کا سائز 3.7 سے کم ہوکر 2.8 گرام ہوجائے گا۔ ڈاکٹر ناتھ کے مطابق کچھ دنوں پہلے تیز دھوپ کی وجہ سے لیچی کا رنگ کالا ہوگیا تھا۔ کسانوں کو لیچی کی بہتر قیمت حاصل کرنے لے لئے ابھی اسے توڑنے سے بچنا چاہئے۔
کسانوں کو لیچی پر جراثیم کش کا ایک اضافی چھڑکاو کرنا چاہئے جس کا اثر دس روز میں ختم ہوجائے۔ اس کے لئے نیم کے تیل کا چھڑکاو کر نے کی صلاح دی گئی ہے۔ لیچی کی چائنا قسم آنے میں تقریباً 25روز کا وقت باقی ہے۔ ایسی صورت حال میں کسان چائنا لیچی کے پیڑ میں فی درخت 300گرام یوریا اور 200 گرام پوٹاش زمین میں ملا کر اس کی سینچائی کردیں تو اس سے انہیں کافی فائدہ ہوسکتا ہے۔