ایمنیسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے کہا کہ 'کشمیر میں مواصلاتی نظام پر پابندی کشمیری عوام کی شہری آزادی پر ایک حملہ ہے اور ایمنیسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے کشمیر میں لاک ڈاؤن سے متعلق ایک عالمی مہم کا آغاز کیا ہے۔'
ایمنیسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے کشمیر کی صورتحال پر ایک بیان جاری کیا ہے۔ ایمنیسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سربراہ آکار پٹیل کا کہنا ہے کہ 'کشمیر میں مسلسل ایک ماہ سے بندشیں اور پابندیاں جاری ہیں۔ بھارتی حکومت اس کو مزید طویل نہیں کر سکتی ہےکیونکہ اس کی وجہ سے کشمیری عوام کی روز مرہ کی زندگی، ان کے جذبات اور طبی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ بنیادی ضروریات تک ان کی رسائی پر بھی بہت اثر پڑا ہے۔'
کشمیر میں غیر معینہ مدت مواصلاتی نظام پر باپندیوں کو ختم کرنے کے جواب میں ایمنیسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے 5 ستمبر کو ' ہیش ٹیگ لیٹس کشمیر اسپیک' نامی مہم شروع کی ہے جس میں کشمیر میں تمام پابندیوں کو ہٹانے پر زور دیا گیا۔
آکار پٹیل نے کہا کہ 'جہاں گورنر انتظامیہ کی جانب سے جموں خطے کے تمام اضلاع میں بندشوں میں نرمی برتی جا رہی ہے۔ وہیں وادی کشمیر میں اب بھی بندشیں اور قدغنوں کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیر میں مسلسل ایک ماہ سے کشمیری عوام کی اظہار رائے اور نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی پرانے دور میں چلے گئے ہوں۔'