بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر کی جانب سے گذشتہ روز مغربی بنگال میں ایک انتخابی ریلی کے دوران متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کو نافذ کرنے کی بات کی گئی ہے، جس کے بعد حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے مسلسل رد عمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اسی دوران ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد سے بات کی، جس میں انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون بھارت کے لیے مہلک وبا کورونا کی طرح ہیں۔
مشاورت صدر نوید حامد نے کہا کہ جس طرح جنگ آزادی میں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کی تھی اور بے خوف انگریزی حکومت کے خلاف جنگ چھیڑی تھی، اسی طرح اگر بی جے پی حکومت پھر سے شہریت ترمیمی قانون کو نافذ کرنے کی بات کری ہے تو لوگ ایک بار پھر سڑکوں پر اتریں گے اور اس قانون کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک کورونا وائرس سے پریشان ہے، ایسے میں اگر بی جے پی حکومت کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے تو وہ بھارت کی عوام میں نفرت کی سیاست کرنا چاہتی ہے۔