آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے ایک بیان میں کہا کہ عید قرباں مسلمانوں کا نہایت اہم ترین تہوار ہے، جو اللہ کے دو پیغمبروں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ ہم اللہ کی رضا کی خاطر ہر طرح کی قربانی کے لیے تیار رہیں اور عقیدۂ توحید پر ثابت قدم رہیں۔
اس موقع پر جانوروں کی قربانی بھی کی جاتی ہے۔ شریعت کا یہ حکم صاحب حیثیت مسلمانوں سے متعلق ہے اور دنیا کے دوسرے مذاہب میں بھی اس کا تصور موجود ہے، لیکن قربانی کرتے ہوئے یہ بات ضروری ہے کہ ہم کوئی ایسا عمل نہ کریں جو دوسرے مذاہب کے بھائیوں کے لیے دل آزاری کا سبب بنے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اس عمل سے نہ تو امن کو نقصان پہنچے اور نہ ہی سڑکوں پر کسی قسم کی گندگی پھیلے۔ ان کا کہنا تھا کہ جانور کا متعفن حصہ سرِ راہ اور آبادیوں کے اندر نہیں پھینکنا ہے کیوں کہ یہ لوگوں کی پریشانی کا سبب بنتا ہے بلکہ یہ عمل شریعت کے ساتھ ساتھ اخلاق اور قانون کے بھی خلاف ہے۔