نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا کو چیئرمین جگدیپ دھنکھر کے نامناسب رویے کے لیے راجیہ سبھا سے معطل کر دیا ہے۔ راگھو چڈھا کمیٹی آف پریویلیجز کی رپورٹ آنے تک راجیہ سبھا سے معطل رہیں گے۔ عام آدمی پارٹی کے ایک اور ایم پی سنجے سنگھ کی معطلی کو بھی اس وقت تک بڑھا دیا گیا جب تک کہ کمیٹی آف پریویلیجز ان کے خلاف شکایات پر فیصلہ نہیں کرتی۔
راگھو چڈھا کی معطلی کی قرارداد ایوان کے قائد پیوش گوئل کی طرف سے پیش کی گئی تھی اور اس قرار داد کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ پیوش گوئل نے راگھو چڈھا پر نامناسب برتاؤ کا الزام لگایا تھا۔ پیوش گوئل نے کہا کہ راگھو چڈھا کا بحیثیت رکن پارلیمنٹ ایوان میں رویہ نامناسب رہا ہے۔ ایوان کے فلور پر ان کا طرز عمل ایوان کی کاروائی میں خلل کا باعث بنا جو کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کی حرکتیں ناگوار اور نامناسب تھیں اور میرے لیے قرارداد کو پیش کرنا تکلیف دہ ہے لیکن میں ایسا کرنے کا پابند بھی ہوں۔