دہلی:دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے دعویٰ کیا کہ ’’گجرات میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کی حکومت معرض وجود میں آئے گی۔ جس کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بری طرح گھبرا رہی ہے اور اس لیے جھوٹے مقدمے دائر کرکے مجھے جیل میں ڈالنا چاہتی ہے لیکن میں بھگت سنگھ کا پیروکار ہوں، جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔‘‘ AAP leader Manish Sisodia Attacks BJP
سسودیا سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کے سامنے پیش ہونے سے پہلے راج گھاٹ گئے اور مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’’آج ملک قربانی مانگ رہا ہے۔ ملک کی آزادی کو 75 سال ہو چکے ہیں لیکن ان لوگوں نے ہمارے بچوں کے لیے اسکول نہیں بنائے، اچھے سرکاری اسپتال نہیں بنائے، نوجوانوں کو بے روزگار کردیا۔ ہم نے گزشتہ سات برسوں میں دہلی میں شاندار کام انجام دئے۔‘‘ ریاست پنجاب کے حوالہ دیتے ہوئے سسودیا نے کہا: ’’پنجاب میں بھی گزشتہ چند ماہ میں بہت اچھا کام ہوا ہے۔ دہلی اور پنجاب کے کام سے تحریک پا کر گجرات کے ایک، ایک ووٹر کے ذہن میں یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اگر دہلی کے اسکول اچھے ہو سکتے ہیں تو گجرات کے اسکول بھی اچھے ہو سکتے ہیں۔ گجرات کا ایک، ایک آدمی سوچ رہا ہے کہ اگر دہلی اور پنجاب کے سرکاری اسپتال اچھے ہو سکتے ہیں تو گجرات کے سرکاری اسپتال بھی اچھے ہو سکتے ہیں۔‘‘ Manish Sisodia on Gujarat Assembly Polls
سسودیا نے مزید کہا ’’آج گجرات میں لوگ عام آدمی پارٹی کی طرف بڑی امید سے دیکھ رہے ہیں۔ اس لیے وہ (بی جے پی) مجھے جیل میں ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر میں گجرات جاؤں گا تو لوگوں کی ایک شاندار سرکاری اسکول بننے کی امید مضبوط ہوگی۔‘‘ سسودیا کے مطابق ’’میں جب بھی گجرات گیا، گجرات کے لوگوں نے کہا کہ دہلی کی طرح ہم بھی عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں گے اور اس کی حکومت بنائیں گے۔ گجرات میں بی جے پی بری طرح ہار رہی ہے اور یہاں عام آدمی پارٹی کی حکومت بن رہی ہے۔ اس کی وجہ سے بی جے پی خوفزدہ ہے اور اس لیے میرے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرکے مجھے جیل میں ڈالنا چاہتی ہے، لیکن میں بھگت سنگھ کا پیروکار ہوں، میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔ اس وقت ان شہداء نے ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دی تھیں اور آج ملک ایک بار قربانی مانگ رہا ہے۔ ملک اس سے سینہ تان کر قربانی مانگ رہا ہے جو جیل جانے سے نہیں ڈرتا اور مجھے فخر ہے کہ میں ملک کے لیے جیل جا رہا ہوں۔‘‘ Manish Sisodia on Gujarat Assembly elections
ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ’’آج ان کی تیاریاں مجھے جیل میں ڈالنے کی ہیں۔ اس سے پہلے بھی سی بی آئی نے میرے گھر پر چھاپہ مارا لیکن انہیں بدعوانی کا ایک بھی ثبوت نہیں ملا۔ پھر انہوں نے میرے بینک لاکر کی تلاشی لی اور وہاں بھی کچھ نہیں ملا۔‘‘ سسودیا کا کہنا ہے کہ ’’جب سی بی آئی اہلکار جائیداد کی جانچ کر رہے تھے تو انہیں یہ احساس تھا کہ انہیں جائیداد سے دستاویزات یا نقدی ملے گی، لیکن انہیں وہاں بھی کچھ نہیں ملا۔‘‘