نئی دہلی:حج آپریشن 2023کے متعلق مختلف امور کی انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے دہلی میونسپل کارپوریشن ( ایم سی ڈی ) کے ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے ایم سی ڈی کے مختلف محکموں کے افسران اور کارکنان کے ساتھ رام لیلا میدان کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کی چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں،ممبران محترمہ نازیہ دانش (کونسلر)، محمد سعد، ایگزیکٹو آفیسر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی نے ڈپٹی میئر آل محمد اقبال کو رام لیلا میدان میں آئندہ 12 روز بعد لگنے والے حج کیمپ کے لیے ایم سی ڈی کی جانب سے مہیا کی جانے والی مختلف سہولیات کی فراہمی سے متعلق توجہ دلائی تاکہ 21/مئی2023 سے شروع ہونے والی حج پروازوں کے لیے دہلی اور دیگر 6 ریاستوں سے حج ٹرانزٹ کیمپ میں آنے والے عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
ڈپٹی میئر نے ایم سی ڈی کے متعلقہ محکموں کے افسران اور کارکنان کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے حج کمیٹی کی تجویز کے مطابق تمام تر مطلوبہ ضروریات اور سہولیات بروقت مہیا کرانے کی ہدایات جاری کیں۔ دوسری جانب دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج بیت اللہ 2023 کے لیے ریاست دہلی کے منتخب عازمین کو حج سے متعلق ارکان و مسائل اور مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں دوران قیام پیش آنے والے مختلف معاملات سے متعلق گذشتہ یکم مئی سے جاری حج تربیتی پروگرام کے آج آخری دن ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچرل کاوٗنسلر ڈاکٹر فریدالدین فرید عصر نے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل کا دورہ کیا اور عازمین حج کو اپنی اور حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔