زخمی 22 پولیس اہلکاروں کو ایل این جے پی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، ہسپتال کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ پولیس جوانوں کے ہاتھ اور پیروں میں چوٹیں آئی ہیں۔
کسانوں نے زرعی قوانین کو واپس لیے جانے اور حکومت پر دباؤ بنانے کے لیے یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر پریڈ نکالی تھی۔
دہلی پولیس کے افسر ایس سنگھل نے کہا کہ'مظاہرین نے ریلی کے لئے طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے طے وقت سے پہلے ہی مارچ نکالنا شروع کردیا اور توڑ پھوڑ کی'۔
ہم نے وعدے کے مطابق تمام شرائط پر عمل کیا اور انہیں تشدد سے روکنے کے لیے تمام تر کوششیں کیں، لیکن مظاہرے میں عوامی املاک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا گیا۔ احتجاج کے دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
جوائنٹ کمشنر پولیس آلوک کمار نے کہا کہ کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔