نئی دہلی:حج بیت اللہ 2023 کی ادائیگی کے لیے بھارتی عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست دہلی سے گزشتہ22 مئی 2023 کو دیر رات 1:50 بجے 381 عازمین حج کو لے کر جانے والے سعودیہ ایئر لائن کے طیارہ کی پہلی پرواز کے بعد اب تک کل 6364 عازمین حج دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منورہ پہونچ چکے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ 6 جون تک جاری رہے گا۔ اس درمیان آج سے خادم الحجاج کی روانگی بھی شروع ہو گئی ہے۔
واضح ہو کہ حج کے دوران مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے تعاون اور رہنمائی کے لیے وزارت اقلتی امور اور اور حج کمیٹی آف انڈیا کی تجویز اور اسکیم کے تحت ہر سال ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے سرکاری ملازمین کو خادم الحجاج کے طور پر بھیجا جاتا ہے اور ان کو 2100 سعودی ریال بھی دیے جاتے تھے مگر اس سال حاجیوں کو ریال کی یہ رقم نہیں دئے گئے۔ اس سلسلے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ ایسی صورت میں منتخب خادم الحجاج تذبذب کا شکار تھے۔
اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے حج کمیٹی آف انڈیا کو خط لکھ کر پر زور مطالبہ کیا کہ حسب سابق تمام خادم الحجاج کو ریال فراہم کیے جائیں۔ اس خط کی کاپی دیگر ریاستوں کے ایگزیکٹو آفیسر کو بھی بھیجی گئی تھی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اس مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے ہر ریاست کے خادم الحجاج کو2100 ریال کی فراہمی کر دی ہے اور اب ان خادم الحجاج کی مدینہ منورہ کے لیے روانگی شروع ہو گئی ہے۔
اس درمیان دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے رام لیلا میدان میں نصب کیے گئے پورے طور پر ایئر کنڈیشن ٹرانزٹ کیمپ میں مغربی اترپردیش اور دیگر صوبوں کے عازمین حج کرام اور ان کے اہل خانہ کے آنے کا سلسلہ تیز ہوتا جا رہا ہے اور ٹرانزٹ کیمپ میں خصوصی طور پر ڈائل کے لیے بنائے گئے ہولڈنگ ایریا میں عازمین کے عارضی قیام کے بعد بسوں سے ان کو حج ٹرمنل لے جانے کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔