نئی دہلی: جنوب مشرقی دہلی میں واقع سن لائٹ کالونی میں 10 سالہ بچی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی واردات سامنے آئی ہے۔ متاثرہ لڑکی پنجاب کی رہائشی ہے اور سن لائٹ کالونی میں اپنے ماموں کے گھر آئی تھی۔ اس معاملے میں دہلی پولیس نے ایک خاتون کو حراست میں لیا ہے۔ الزام ہے کہ وہی خاتون لڑکی کو ورغلا کر اپنے گھر لے گئی جہاں تینوں ملزمان نے اس کی عصمت دری کی۔ واردات کے بعد سے ملزمان مفرور بتائے جا رہے ہیں۔ ملزمان کے نام صاحب علی، وکرم گوتم اور اجو ہیں۔
جانکاری کے مطابق متاثرہ لڑکی پنجاب میں رہتی ہے۔ وہاں اس کے والد سیلون چلاتے ہیں اور ماں گھریلو خاتون ہیں۔ اس وقت لڑکی اپنی والدہ کے ہمراہ سن لائٹ کالونی میں اپنے ماموں کے گھر آئی ہوئی تھی۔ جمعرات کو متاثرہ کی ماں کہیں گئی ہوئی تھی اور لڑکی اپنے ماموں کے گھر کے باہر کھیل رہی تھی۔ شام کے وقت پڑوس میں رہنے والی ایک خاتون نے اسے اپنے گھر بلایا کہ اس کی ماں اس کے گھر میں ہے اور اسے بلا رہی ہے۔ لڑکی جب خاتون کے گھر گئی تو وہاں پہلے سے تین لوگ موجود تھے۔ متاثرہ لڑکی کے رشتہ دار کا الزام ہے کہ تینوں ملزمان نے وہاں لڑکی کے ساتھ زیادتی کی اور پھر فرار ہوگئے۔ جب لڑکی تشویشناک حالت میں گھر پہنچی اور اپنی ماں اور ماموں کو ہولناک واقعہ سنایا تو معاملہ سامنے آیا۔