نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے چھتیس گڑھ اور میزورمم میں ووٹرز سے ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی اور پہلی بار ووٹ دینے والوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ میزورم کی 40 اور چھتیس گڑھ کی 20 سیٹوں کے لیے آج ووٹنگ شروع ہوئی ہے۔
وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں میزورم کے ووٹرز سے پرجوش انداز میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی اور کہا کہ "میں میزورم کے لوگوں سے ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتا ہوں۔ میں خاص طور پر نوجوان اور نئے ووٹرز سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کی اپیل کرتا ہوں''۔
وزیراعظم مودی نے چھتیس گڑھ میں ووٹرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "آج چھتیس گڑھ میں جمہوریت کا مقدس تہوار ہے۔ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تمام ووٹرز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنا ووٹ ڈالیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ میں ریاست کے تمام نوجوانوں کو خصوصی مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے پہلی بار ووٹ دیا ہے یا پہلی بار ووٹ ڈالنے والے ہیں"۔