ریاست چھتیس گڑھ کے رائے پور ریلوے اسٹیشن پر کورونا کے پیش نظر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مسافروں اور تارکین وطن مزدوروں کی تھرمل اسکریننگ کی جارہی ہے۔ ساتھ میں ان کا مکمل ڈیٹا بھی لیا جارہا ہے۔
دراصل رائے پور ریلوے ڈویژن نے دیگر ریاستوں سے آنے والے مسافروں کی صحت کی جانچ کے لئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ تمام مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کے بعد خون کے نمونے بھی لئے جارہے ہیں۔ بلڈ سیمپل لینے کے بعد ان کے ہاتھوں کو سینیٹائز بھی کیا جارہا ہے۔ مسافروں کی جانچ کے ساتھ ساتھ ان کے بیگ اور دیگر سامان کو بھی سینیٹائز کیا جارہا ہے۔
اس سارے عمل کے بعد ان کے نام، پتے، فون نمبر اور تفصیلات بھی لی جا رہی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر ان سے رابطہ کیا جاسکے۔
رائے پور اسٹیشن پر تمام مسافروں کے لئے طبی معائنے کے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس دوران معاشرتی دوری کا بھی خصوصی خیال رکھا جارہا ہے۔ نیز ہر مسافر کے لئے ماسک پہننا لازمی ہے۔ روزانہ تقریبا 500 سے 600 مسافر سفر کرتے ہیں۔ وہیں دوسری ریاستوں سے آنے والے مسافروں کو گھروں میں کورنٹائن کیا جا رہا ہے۔