راج نندگاؤں (چھتیس گڑھ): کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اتوار کو چھتیس گڑھ میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ایک بہت بڑی غلط بیانی کی ہے کیونکہ راہل گاندھی نے کانگریس کے ہی وزیر اعلی بھوپیش بگھیل پر "اڈانی جیسے لوگوں" کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا۔
راہل گاندھی ریاست کے راج نندگاؤں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہیں اپنی غلطی کا احساس نہیں ہوا، یہاں تک کہ چتھیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل جو اس موقع پر موجود تھے، کانگریس کے سابق سربراہ نے یہ الفاظ کہے تو وہ بھی بے خبر نظر آئے۔ اس ریلی میں کی گئی تقریر کا ویڈیو وائرل ہوگیا۔
اڈانی گروپ اور مودی حکومت کے درمیان مبینہ قریبی تعلقات پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اڈانی گروپ کو مرکزی حکومت نے بے جا احسانات دیے ہیں جس کی وجہ سے دولت چند لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ "آپ کے وزیر اعلیٰ بھی اڈانی جیسے لوگوں کے لیے ہی کام کرتے ہیں"۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت کسانوں کے لئے کیسے کام کرتی ہے۔
بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ نے فوری طور پر راہل گاندھی پر نکتہ چینی کی۔ امت مالویہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "راہل گاندھی نے خود ہی اعتراف کیا کہ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل ہر وقت اڈانی کے لیے کام کرتے ہیں۔ آخر کار سچائی سامنے آ رہی ہے کہ یہ کانگریس ہی ہے، جس نے اڈانی اور کارپوریٹ گروپ کی سرپرستی کی ہے، راہل گاندھی اس معاملے میں نکتہ چینی کرتے تھکتے نہیں، یہ کیا مذاق ہے"۔