ریاست چھتیس گڑھ کے کدھنائی گاؤں میں رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے ایک حاملہ خاتون کو عارضی ٹوکری میں اٹھا کر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
حاملہ خاتون کو عارضی ٹوکری میں اسپتال پہنچایا گیا ایک ویڈیو میں خاتون کو ایک عارضی ٹوکری میں لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جسے دو افراد نے کندھوں پر اٹھایا تھا جب وہ بہتے ہوئے دریا کو پار کررہے تھے۔ اس علاقے میں رابطہ سڑک نہ ہونے کے سبب ایمبولینس پہنچ نہیں پائی۔ مذکورہ خاتون کو بعد میں ایک سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا۔
سرگوجا کے کلکٹر سنجے کمار جھا نے کہا کہ ' یہ صحت سے متعلق سہولیات نہ ہونے کا معاملہ نہیں ہے۔ کچھ دور دراز دیہات ہیں جہاں بارش کے دنوں میں لوگوں کو سفر کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔'
کلکٹر نے کہا کہ اس طرح کی علاقوں کے لئے انتظامیہ لوگوں کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کے لئے چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ایسے دور دراز مقامات کے لیے ہم لوگوں تک پہنچنے کے لیے چھوٹی کاروں کا استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ کاروں کے ذریعے لوگوں کی رہائش گاہوں تک پہنچنا ممکن نہیں ہوگا لیکن ہم ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لیے ان کی رہائش گاہوں کے قریب پہنچنے کی کوشش کریں گے۔'