جگدل پور:چھتیس گڑھ کے جنوبی بستر علاقے میں نکسلیوں نے آج ایک مسافر بس کو نذر آتش کر دیا۔ جبکہ پولیس اور نکسلیوں کے درمیان مڈبھیڑ ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ایک پل کو بھی دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کی وجہ سے 20 گاؤں کا رابطہ ضلع ہیڈ کوارٹر بیجاپور سے منقطع ہو گیا۔دنتے واڑہ کے ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ رام کمار برمن نے بتایا کہ نکسلیوں نے صبح بارسور سے نارائن پور جانے والی بس کو مالواہی گھوٹیا کے درمیان مسافروں کو اتار کر آگ لگا دی۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں شروع کی گئی مسافر بس صبح نارائن پور سے بارسور دنتے واڑہ کی طرف آرہی تھی۔ مالیواہی گھوٹیا کے پاس 20 سے 25 نکسلیوں نے بس کو روک کر اسے آگ لگا دی۔ تمام مسافر ڈرائیور آپریٹر قریبی مالواپی سینٹرل سکیورٹی فورس کیمپ پہنچ گئے ہیں۔
فورس کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ نکسلیوں نے ڈرائیور آپریٹر کو خبردار کیا کہ وہ بس کو بارسور سے نارائن پور روڈ پر نہ چلائیں۔ نکسلیوں نے موقع پر بینر پوسٹر بھی لٹکائے ہیں۔ واقعہ کے وقت بس میں 30 مسافر سوار تھے۔دریں اثناء، یہاں چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں آج نکسلیوں نے بی جی ایل بم سے پولیس کی گشتی ٹیم پر حملہ کیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔