دنتے واڑہ:چھتیس گڑھ کےدنتے واڑہ کے آرن پور میں نکسلی حملہ ہوا ہے۔ اس حملے میں نکسلیوں نے آئی ای ڈی کے ذریعہ دھماکہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں سے بھری ایک منی بس کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔ اس حملے میں دس سے زائد فوجی کے ہلاکت کی خبر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آرن پور تھانہ علاقے میں ماؤنوازوں کی موجودگی کی اطلاع پر دنتے واڑہ سے نکسل مخالف آپریشن کے لیے ڈی آر جی فورس بھیجی گئی۔ مہم کے بعد واپسی کے دوران ماؤنوازوں نے آرن پور روڈ پر آئی ای ڈی کا دھماکہ کیا۔ اس حملے میں ڈی آر جی کے 10 جوان اور آپریشن میں شامل ایک ڈرائیور مارا گیا۔
دنتے واڑہ نکسلی حملے کی وجہ سے پورا ملک سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ پی ایم مودی نے حملے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنتے واڑہ میں چھتیس گڑھ پولیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ میں ان بہادر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت۔
حملے کو لے کر سی ایم بھوپیش بگھیل نے کہا کہ نکسلیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ نکسلائٹس کے خلاف ہماری لڑائی آخری مرحلے میں ہے۔ منصوبہ بند طریقے سے نکسلائٹس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ معلومات کے مطابق اس حملے کے بعد پولس نے نکسلیوں کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دونوں کے درمیان تصادم اب بھی جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مزید فورس طلب کر لی گئی ہے۔ وہیں دوسری طرف وزیر داخلہ امت شاہ نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ دنتے واڑہ میں چھتیس گڑھ پولیس پر بزدلانہ حملے سے حیران ہوں۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ سے بات کی ہے۔ ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شہید فوجیوں کے خاندانوں سے میری تعزیت۔
وہیں کانگریس رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں بزدلانہ نکسلی حملے میں ڈی آر جی کے 10 جوانوں اور ایک ڈرائیور کی شہادت کی خبر افسوسناک ہے۔ میں اس مشکل وقت میں ان کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ تمام بہادر شہیدوں کو میرا سلام اور خراج تحسین۔